اہم خبریں

قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم ،شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ملک اور ریاست کے خلاف مہم وہی پرانی ہے، صرف چہرے بدل رہے ہیں، چہرے بدل گئے لیکن ایجنڈا ایک ہی ہے، 9 مئی والا ایجنڈا بیرون ملک بیٹھی پراکسیز اور کٹھ پتلیوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیاسی شدت پسندی کا واقعہ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ کا مرض لا علاج ہے جو اقتدار سے محرومی کے بعد فومو(Fear of missing out) کی ذہنی کیفیت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد پراپیگنڈہ، الزامات، فساد اور سازشوں کی منصوبہ سازی میں مصروف ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دیں گے۔ کسی بھی سیاسی انتہائ پسندی یا مس ایڈونچر کا ذمہ دار9 مئی کا منصوبہ ساز ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ کا ٹرائل شروع ہو رہا ہے، کرپشن کے ثبوت سامنے آ رہے ہیں اس لئے عمران خان کو ایک اور سازش درکار ہے۔ یہ پاگل اور ذہنی مریض ہے جسے پاگل خانے میں ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کبھی سائیفر، کبھی راکٹ لانچر سے قاتلانہ حملہ، کبھی حوروں والے ٹیکے، کبھی حضرت عیسیٰ اور کبھی قرآن پاک کے حوالے سے بے ہودہ بیانات بیمار ذہنیت کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے 2017 میں ہی بتا دیا تھا کہ یہ ذہنی مریض اور پاگل ہے جسے پاگل خانے میں ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں