لاس اینجلس (اے بی این نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور سیمی فائنلز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل اسپین اور فرانس کے درمیان 15 جولائی کو ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔
پہلے سیمی فائنل میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس کی ٹیم 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین کے مدمقابل ہوگی۔ فرانس کو اپنے اسٹار فارورڈ کلیان ایمباپے سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، جو رواں ورلڈ کپ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر ہیں اور عالمی کپ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔ فرانسیسی ٹیم کو عثمان ڈیمبیلے کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، جنہوں نے رواں ٹورنامنٹ میں ہیٹ ٹرک سمیت پانچ گول کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب اسپین کی مضبوط دفاعی لائن اور اسٹرائیکر مائیکل اویارزابال، جو اب تک چار گول کر چکے ہیں، ٹیم کی بڑی طاقت سمجھے جا رہے ہیں۔
دوسرا سیمی فائنل دفاعی عالمی چیمپئن اور تین مرتبہ کی ٹائٹل ہولڈر ارجنٹینا اور 1966 کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان 16 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچ بھی پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گی۔
48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں اب 44 ٹیموں کا سفر اختتام پذیر ہو چکا ہے اور ٹائٹل کی دوڑ میں صرف چار سابق عالمی چیمپئن ٹیمیں باقی رہ گئی ہیں۔ فٹبال شائقین کو توقع ہے کہ دونوں سیمی فائنلز سنسنی خیز اور سخت مقابلوں سے بھرپور ہوں گے۔
مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں متوقع، نئے وزرا کے نام زیر غور















