کراچی (اے بی این نیوز) کراچی میں سائبر کرائم حکام نے جعلی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیدار کو گرفتار کر لیاگیا ،جبکہ نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کی تلاش جاری ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیدار حیدر عمرانی کو جعلی کال سینٹر میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیاگیا ہے ، ذرائع کے مطابق ٹیم نے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لے لیا،جبکہ پولیس نےقانونی کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی .
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جب کہ کال سینٹر کے نیٹ ورک اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے حوالے سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل این سی سی آئی اے نے ڈی ایچ اے فیز 2 ایکسٹینشن میں کارروائی کے دوران ایک منظم غیر قانونی کال سینٹر کو بے نقاب کیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہاں کے ایجنٹ غیر ملکی بینکوں کے نمائندوں کے طور پر جعل سازی کرتے تھے اور بیرون ملک شہریوں سے حساس مالیاتی معلومات حاصل کر کے ان سے دھوکہ دہی کرتے تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان سوشل سیکیورٹی نمبرز، فون نمبرز، تاریخ پیدائش، والدہ کے نام اور بینک کارڈز سے متعلق حساس معلومات حاصل کرکے مالی فراڈ میں ملوث تھے۔ اس معاملے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں:قطر سے ایل این جی بندش، پاکستان نے مزید سپاٹ کارگو خریدنے کا فیصلہ















