راولپنڈی (اے بی این نیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ماجد ستی قتل کیس کے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا سنادی۔
ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے جرم ثابت ہونے پر فرخ کھوکھر سمیت 3 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی جب کہ ایک ملزم وسیم کو بری کر دیا گیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعد فرخ کھوکھر سمیت کمرہ عدالت میں موجود تینوں مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مجرم فرخ کھوکھر ضمانت پر رہا جبکہ دیگر دو مجرموں کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے فرخ کھوکھر کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے وقت مقتول کے ورثاء اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی۔ مجرم فرخ کھوکھر سمیت شریک ملزمان کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئی۔ جوڈیشل کمپلیکس میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ملزمان پر 23 اگست 2022 کو ماجد ستی کو بے دردی سے قتل کرنے کا الزام ہے، تھانہ صادق آباد نے مقدمہ درج کیا تھا۔ مقتول ماجد ستی کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا اور ماجد ستی کو پلاٹ پر قبضہ کرنے سے روکنے پر قتل کیا گیا۔ فرخ کھوکھر نے پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دے کر جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
مزید پڑھیں:پیپلز پارٹی کا مقامی عہدیدار گرفتار،حیران کن انکشاف سامنے آگیا















