اہم خبریں

سعودی عرب میں اوورسیز افراد کے لیے نئے قوانین نافذ

سعودی عرب میں اوورسیز افراد کے لیے نئے قوانین نافذ

ریاض ( اے بی این نیوز)‌سعودی وزارت داخلہ نے ایسے غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے جو ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔

پیر کو سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کوئی بھی غیر ملکی جو اپنے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے باوجود وقت پر سعودی عرب نہیں چھوڑتا تو اس کے خلاف مملکت کے قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے افراد کو 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ، 6 ماہ تک قید اور بعد ازاں ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔


وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے اور اقامت، محنت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزارت نے تمام غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ویزوں کی درستگی کا خیال رکھیں، وقت پر مملکت سے روانہ ہوں اور قانونی کارروائی اور جرمانے سے بچنے کے لیے سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔

بیان کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں ایسی خلاف ورزیوں کی اطلاع 911 پر دی جا سکتی ہے جبکہ مملکت کے دیگر تمام علاقوں میں اس مقصد کے لیے 999 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنلز کا مکمل شیڈول سامنے آگیا

متعلقہ خبریں