اسلام آباد(اے بی این نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی بحران پیچھے رہ گیا، آئینی بحران نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا، آئینی و سیاسی بحران کے حل کیلئے نہ کوئی ادارہ بچا، نہ شخصیت۔ فل کورٹ کے ذریعے عدلیہ آئینی بحران سے نکلنے کی راہ تلاش کرے، آئینی و سیاسی معاملات بند گلی میں چلے جائیں تو گھڑی کی ٹک ٹک شروع ہو جاتی، اگر کچھ غلط ہوا تو اہم ادارے ذمے دار ہوں گے۔ہم بند گلی میں پہنچ چکے ہیں، اگر کوئی راستہ بن سکتا تو وہ فل کورٹ ہے، تجربے سے بتا رہا ہوں وقت بہت کم ہے، حل نہ نکالا تو کچھ بھی ہو سکتا۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فل کورٹ کے ذریعے راستہ نہ نکالا تو پھر کوئی راستہ نہیں نکلنا، بار بار کہہ رہا ہوں، اب صرف فل کورٹ، صرف فل کورٹ ورنہ صرف پچھتاوا ہی بچے گا۔















