پشاور(نیوزڈیسک) پشاور میں تھانہ رحمان بابا کی حدود دیر کالونی روڈ پر سکھ پنساری کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے دوکان کے اندر قتل کر دیا۔ مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دیال سنگھ پشاور کے محلہ جوگن شاہ کے رہائشی تھے، ہر روز ڈبگری سے کوہاٹ روڈ پر اپنی پنساری کی دکان پر جاتے تھے اور پانچ بجے واپس آتے تھے صرف دو ہزار روپے ماہانہ کرایے کی دوکان میں گھر والوں کامشکل سے پیٹ پالتے تھے تاہم نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔اس سے قبل گزشتہ سال مئی میں انکے دو کزنز رنجیت سنگھ ، اور کول جیت سنگھ کو بھی نواحی علاقہ سربند بٹہ تل بازار میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کی دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ایس پی صدر ڈویژن ملک حبیب کے مطابق تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی عطا محمد دیر کالونی روڈ پر سکھ دیال سنگھ ولد ہردیال سنگھ سکنہ ضلع خیبر دکاندار جو کہ پنسار سٹور کر رہا تھا کو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھا کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے دیر کالونی میں سکھ شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قتل میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کیلئے کارروائی کی ہدایت کی اور دیال سنگھ کے اہل خانہ سمیت سکھ کمیونٹی سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔















