اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی نے آزادکشمیر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے پولنگ میں تاخیراور اپنے پولنگ ایجنٹس کوروکنے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پیر کو پولنگ ہوئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور نتائج سامنے آرہے ہیں۔
پیپلزپارٹی نے آزادکشمیر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کہیں پولنگ وقت پرشروع نہ کی گئی اور کہیں ہمارے ایجنٹس کو روکا گیا ، اس پر وضاحت طلب کی جائے۔
پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیّر بخاری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن دھاندلی کی ہر شکایت پر کہہ رہے ہیں کہ کچھ نہیں ہوا، سب ٹھیک ہے، ان کا کام شکایت پر فوری کارروائی کرنا ہوتا ہے، وہ وضاحتیں اور تسلیاں کیوں دے رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پیپلزپارٹی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی شکست کو دھاندلی کے بیانیے سے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ، دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت نہیں دیے ، توقع ہے پیپلز پارٹی والے آج الٹی گنتی کو سیدھا کردیں گے۔















