وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر کے روز چھٹی ہونے کے باعث ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کرنے والے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو مسلسل تین دن چھٹیاں ملیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ ڈویژن نے 9 نومبر کو یومِ اقبال کے موقع پر عام تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس روز سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور بینک بند رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کی نقول وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ تعطیل کے انتظامات کیے جا سکیں۔
9 نومبر پیر کے روز ہونے کے باعث ہفتہ اور اتوار کو تعطیل کرنے والے ملازمین کو 7 نومبر سے 9 نومبر تک مسلسل تین چھٹیاں میسر آئیں گی۔ تاہم جن اداروں میں صرف اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو اتوار اور پیر کی صورت میں دو دن کی مسلسل تعطیلات ملیں گی۔















