اہم خبریں

سوئی سدرن نے موسم سرما کے لیے گیس فراہمی کا شیڈول جاری کردیا

سوئی سدرن گیس کمپنی نے موسم سرما کے لیے گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق سردیوں کے دوران گھریلو صارفین کو روزانہ تین مقررہ اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی تاکہ کھانا پکانے کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ناشتے کی تیاری کے لیے صبح 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔ دوپہر کے کھانے کے لیے گیس کی فراہمی کا وقت 12 بجے سے 2 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح رات کے کھانے کی تیاری کے لیے شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جائے گی۔ اس طرح صارفین کو روزانہ مجموعی طور پر سات گھنٹے گیس کی فراہمی کا شیڈول دیا گیا ہے۔

ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں حکومت کی ہدایات کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔ کمپنی نے صارفین کو مقررہ اوقات کے مطابق اپنے روزمرہ کے گھریلو کاموں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی سندھ اور بلوچستان میں قدرتی گیس کی ترسیل اور تقسیم کی ذمہ دار ہے۔ کمپنی کا گیس نیٹ ورک تقریباً 55 ہزار کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے، جبکہ یہ تقریباً 32 لاکھ صارفین کو گیس فراہم کرتی ہے۔ ان صارفین میں 4 ہزار 500 صنعتی صارفین بھی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں