اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم پہلے دن سے مطالبہ کررہے ہیں فل کورٹ بنادیں ،اگر اعتماد بحال کرنا ہے تو فل کورٹ ہوتا کہ اس عمارت میں بیٹھے لوگوں پر اعتماد متزلزل نہ ہو،سپریم کورٹ کا بینچ دوبارہ ٹوٹنے سے ایک بات بار بار ثابت ہورہی ہے کہ اس وقت اعتماد کا فقدان ہے۔ وہ جمعہ کو سپر یم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہ بدقسمتی ہے کہ انصاف کی متلاشی پوری پاکستانی قوم کے لیے آخری منزل یہی ہے اور اس منزل میں اس وقت ہیجانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے جس کے بعد عام سائل کی توقعات پر مایوسی چھا گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاستدانوں میں پارٹی بازی، مخاصمت اور لڑائی جھگڑے بھی ہوتے ہیں یہ سب سیاست کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کلچر بہت اعلیٰ و ارفع روایات کا متقاضی ہے جس سے کسی بھی حکومت،سیاسی پارٹی، کسی بھی طبقے کا اعتماد متزلزل نہ ہو لیکن آج اعتماد متزلزل ہورہا ہے۔















