اہم خبریں

پاکستان کے موسم کی تازہ ترین صورتحال، بالائی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اکتوبر کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے زیرِ اثر اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب کے مختلف علاقوں، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں لاہور، راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، اٹک اور چکوال شامل ہیں، میں 10 اور 11 اکتوبر جبکہ 13 اور 14 اکتوبر کو بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی 10 سے 15 اکتوبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بلند مقامات پر ہلکی برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج ہفتے کا دن کیسا رہے گا؟

متعلقہ خبریں