اہم خبریں

پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لازمی، نادرا کا نیا نظام نافذ

اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے اندراج اور اجراء کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئے نظام کے تحت شہریوں کو پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے حصول کے لیے متعلقہ یونین کونسل میں بائیومیٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد ہی متعلقہ سرٹیفکیٹ کے اجراء کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔نادرا کے اس اقدام کا مقصد جعلی اور غیر قانونی سرٹیفکیٹس کے اجراء کی روک تھام، شہریوں کے کوائف کی درستگی اور سول رجسٹریشن کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

کن اضلاع میں نیا نظام نافذ کیا گیا؟
نادرا کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع میں شروع کی گئی ہے۔

پنجاب:راولپنڈی، جھنگ، بہاولنگر اور شیخوپورہ۔خیبر پختونخوا: پشاور۔سندھ: کراچی شرقی، کراچی غربی، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور تھرپارکر۔بلوچستان: کوئٹہ، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، شیرانی اور ژوب۔نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سرٹیفکیٹس کے اندراج اور بائیومیٹرک تصدیق سے متعلق مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کریں یا نادرا کی آفیشل ویب سائٹ

[ www.nadra.gov.pk ](http://www.nadra.gov.pk) وزٹ کریں۔
نئے نظام کے نفاذ سے شہریوں کے اہم دستاویزات کے اندراج میں شفافیت اور ریکارڈ کی حفاظت کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟

متعلقہ خبریں