نئی دہلی(نیوز ڈیسک) محکمہ ریلوے اور ضلع وسطی کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بمبئی جانیوالی ایکسپریس میں بم کی اطلاع پر طلب کر لیا گیا۔ ریلوے پروٹیکشن فورس بھی آپریشن میں شامل ہوئی، لیکن کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں پایاگیا۔ریلوے پولیس کے ڈپٹی کمشنر ہریش ایچ پی نے بتایا کہ موبائل نمبر کو ٹریک کیا گیا اور پتہ چلا کہ بھارتی فضائیہ کے ایک سارجنٹ سنیل سنگوان نے کال کی تھی۔ممبئی جانے والی راجدھانی ایکسپریس کی روانگی میں تاخیر کروانے کیلئے بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے پر بھارتی فضائیہ کے ایک افسر کو گرفتارکیا گیاہے۔پولیس کے مطابق سنگوان کو ممبئی کے علاقے سانتا کروز میں واقع ایئر فورس اسٹیشن پر اپنی پوسٹنگ کے مقام پر جانے کے لیے ٹرین میں سوار ہونا تھا۔ وہ لیٹ ہوگیا ، اس لئے د ہلی سے ٹرین کی روانگی میں تاخیرکرانے کے لیے ریلوے سے رابطہ کیا۔ڈی سی پی نے کہاکہ کال کرنے والے کو کوچ B-9 ،سیٹ نمبر1سے ٹریس کیا گیا ۔ ان کی شناخت ان کے انڈین ایئر فورس کے شناختی کارڈ کے ذریعے کی گئی۔ وہ موبائل ہینڈ سیٹ بھی جسے کال کرنے کے لیے استعمال کیاگیا، برآمد کر لیا گیا ہے۔کال کرنے والے کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ نشے میں تھا۔ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔















