کراچی ٹیسٹ ، تیسرے روز کا کھیل ختم، انگلینڈ کی ٹیم کو فتح کیلئے صرف 55 رنز درکار

کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے ، اسے پاکستان کے خلاف کلین سوئپ کے لیے محض 55 رنز درکار ہیں۔پاکستان نے تیسرے روز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن پوری ٹیم 216 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے گئے لیکن یہاں بابراعظم 54 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیل رہے تھے۔ آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے اظہر علی کو ٹیم کی جانب سے بلے فضا میں لہرا کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔پاکستان کے بعد انگلینڈ نے بیٹنگ کی اور 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلش بلے بازوں نے 112 رنز بناڈالے جب کہ اس کے محض دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔بین ڈکٹ 50 اور بین اسٹوکس 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود اور انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 55 رنز درکار ہیں، انگلینڈ کے میچ جیتنے کی صورت میں ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار پاکستان کو کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ صفر پر گرگئی، انگلش کھلاڑی زیک کرولی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ 18 رنز کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان آغا 56، شان مسعود 30، اظہر علی 45، سعود شکیل 23، محمد رضوان 19، فہیم اشرف 4، نعمان علی 20، ابرار احمد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔