راولپنڈی ( اے بی این نیوز)راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران 43 خواتین سمیت 154 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کو آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کا نشانہ بناتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے تین روز کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں قائم دو غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں کیں۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق راولپنڈی میں ایک گھر کے اندر قائم کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 10 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں قائم کال سینٹر سے 43 خواتین سمیت 143 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کو بین الاقوامی آن لائن فراڈ کا نشانہ بناتے تھے۔ ملزمان قرض فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے موبائل فون میں مخصوص ایپلی کیشنز انسٹال کرواتے اور اس کے ذریعے ان کا ذاتی ڈیٹا حاصل کرتے تھے۔
بعد ازاں شہریوں کی تصاویر اور ویڈیوز میں ردوبدل کرکے انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان میں سے 37 افراد گزشتہ تین سال سے شہریوں کو بلیک میل کرنے کے مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شعیب خان نے کہا ہے کہ سائبر فراڈ کے نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، جبکہ آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ کے نام پر ہونے والے فراڈ کے خلاف بھی جلد بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے والدین کو خبردار کیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور زیادہ تنخواہ کے لالچ میں غیر قانونی کال سینٹرز میں ملازمت اختیار کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی سرگرمیاں ان کا ریکارڈ اور مستقبل تباہ کرسکتی ہیں۔
شعیب خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تصاویر، موبائل ڈیٹا اور رشتہ داروں کی ذاتی معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کو فراہم نہ کریں اور آن لائن بیٹنگ و گیمنگ سے دور رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے فراڈ میں ابتدا میں شہریوں کو منافع کا لالچ دیا جاتا ہے، لیکن بعد میں ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکال کر انہیں نقصان پہنچایا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کو آخری گیند پر شکست، انڈر 19 ایشیا کپ بھارت کے نام















