اہم خبریں

پاکستان کو آخری گیند پر شکست، انڈر 19 ایشیا کپ بھارت کے نام

پاکستان کو آخری گیند پر شکست، انڈر 19 ایشیا کپ بھارت کے نام

دبئی ( اے بی این نیوز)انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارت نے 338 رنز کا ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

العمرات میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم نے آخری اوور کی آخری گیند پر ہدف حاصل کرکے پاکستان سے فتح چھین لی۔ یہ انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان رنز کے اعتبار سے سب سے بڑا مقابلہ تھا، جس میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 676 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کپتان لکشے رائے چندنی نے 80 اور آریہ ویر سہواگ نے 58 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ مانال چوہان نے 47 رنز بنائے۔ موہیت الوا نے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

بھارت کی نویں وکٹ کی شراکت میں موہیت الوا اور مانال چوہان نے 57 قیمتی رنز جوڑے اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3، نقاب شفیق نے 2 جبکہ علی رضا، محمد صیام اور حسنین عباس ڈار نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے عثمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز بنائے، عبدالقادر 80 اور حیام خان 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے کاویہ پریش پٹیل نے 4 جبکہ چگوروپتی وینکٹے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی فاسٹ بولر محمد صیام نے اپنے 10 اوورز میں 79 رنز دیے، جو انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے کا نیا منفی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کرامت علی کے پاس تھا، جنہوں نے 78 رنز دیے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھی اور گروپ مرحلے میں بھی بھارت کو شکست دے چکی تھی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں اسے ایک وکٹ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں‌:بینکوں کے لیے کیش ٹرانزیکشن کی نئی حد مقرر، فوری اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں