اہم خبریں

پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ ڈرا، سعود شکیل نروس نائنٹیز کا شکار

پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ ڈرا، سعود شکیل نروس نائنٹیز کا شکار

راولپنڈی ( اے بی این نیوز)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے سعود شکیل دوسری اننگز میں بھی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 97 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی جانب سے ملان رتنائیکے نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی، جبکہ سری لنکا نے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے۔

میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز سے کیا۔ اذان اویس 22 اور محمد طحہ 24 رنز کے ساتھ کھیل کا دوبارہ آغاز کرنے آئے، تاہم اذان اویس پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اگلے اوور میں محمد طحہٰ بھی بغیر رنز میں اضافہ کیے پویلین لوٹ گئے۔

بعد ازاں کپتان بابر اعظم 34 اور سلمان علی آغا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سعود شکیل نے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں سعود شکیل نے 93، عرفات منہاس نے 52، غازی غوری نے 48، طیب عارف نے 57، محمد طحہٰ نے 51 اور بابر اعظم نے 50 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا نتیجہ نہ نکل سکا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 17 نومبر سے راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:عوام پر مالی بوجھ بڑھ گیا، پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولی کا انکشاف

متعلقہ خبریں