اہم خبریں

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصول کرنے کا نیا طریقہ متعارف

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصول کرنے کا نیا طریقہ متعارف

اسلام آباد ( اے بی این نیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مستحق خواتین کے لیے امدادی رقم وصول کرنے کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا، جس کے تحت خواتین اب 6 شراکت دار بینکوں اور مالیاتی اداروں میں سے اپنی پسند کے کسی بھی ذریعے سے رقم وصول کرسکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ملک بھر کی مستحق خواتین کے لیے نیا باہمی ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ نئے نظام کے تحت پہلی قسط کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے۔

نئے نظام کے تحت مستحق خواتین حبیب بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک، ایزی پیسہ، جاز کیش، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب میں سے کسی بھی ادائیگی کے ذریعے اپنی مالی امداد وصول کرسکیں گی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مطابق نئے نظام کا مقصد خواتین کو اپنی مرضی کا ادائیگی کا ذریعہ منتخب کرنے کی سہولت فراہم کرنا، طویل قطاروں کا خاتمہ اور امدادی رقم سے غیر قانونی کٹوتیوں کی روک تھام ہے۔

نئے نظام سے ادائیگی کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

نئے ادائیگی نظام کے اجرا کے موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سے ملاقات کی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر عصمت نواز بھی شریک ہوئیں۔

ملاقات میں نئے ادائیگی نظام کے نفاذ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیجیٹل بینکاری نظام کی تیاری اور 6 ادائیگی شراکت داروں کو نظام میں شامل کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق خواتین کو باوقار اور شفاف طریقے سے مالی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک اور شراکت دار اداروں کے ساتھ رابطہ جاری رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:صارفین ہوشیار، بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر

متعلقہ خبریں