کراچی ٹیسٹ کاتیسرا روز،پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے167 رنز کا ہدف دیدیا

کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 7رنز بنا لئے،تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے بغیر کسی نقصان 21 رنز پر اننگز کا آغاز کیا اورپوری ٹیم صرف 216 رنز بنا کرہی پویلین لوٹ گئی، اوپنر شان مسعود نے24 رنز، اظہر علی صفر ، عبداللہ شفیق 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے گئے لیکن بابراعظم 54 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 7 رنز اور سعود شکیل 53 رنز پر چلتے بنے۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف ایک رن، نعمان علی 15 رنز، محمد وسیم 2 رنز اور آغا سلمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔پاکستان نے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں 24 اوورز میں تین وکٹیں گنوا کر 78 رنز بنائے جبکہ دوسرے سیشن میں 28 اوورز میں تین وکٹیں گنوا کر 78 رنز بنائے۔آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے اظہر علی کو ٹیم کی جانب سے بلے فضا میں لہرا کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم نے دوسرے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تاہم 58 کے مجموعی اسکور پر انکی وکٹیں گر گئیں، بین ڈکٹ 26 جبکہ جو روٹ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوابیٹھے، دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر ریک کرولی صفر، اولی پوپ 51، کپتان بین اسٹوکس 26، مارک ووڈ 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 111 جبکہ بین فوکس نے 64 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4،4 جبکہ محمد وسیم جونئیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔