نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ پی او ایف سپورٹس کمپلیکس میں جاری

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر ) پی او ایف فٹ بال ٹیم کا نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ پی او ایف سپورٹس کمپلیکس واہ کینٹ میں گزشتہ روز ہفتے سے جاری ہے۔ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ ظفر علی، کوچ نثار احمد اوراسسٹنٹ کوچ فاروق احمد تربیت دے رہے ہیں جبکہ ٹرینر کے فرائض سرفراز احمد انجام دے رہے ہیں۔ ہیڈ کوچ ظفر علی خان نے بتایاکہ ملک میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 24 جنوری سے شروع ہو رہا ہے جس میں ملک بھر سے 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں پی او ایف واہ فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں 35 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو کوچز جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ چیلنج کپ کے لئے پی او ایف کی 25 رکنی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی جس کا اعلان 22 جنوری کو کیا جائےگا۔ پی او ایف کی ٹیم 2017 کے بعد نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ حصہ لے رہی ہے۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ ظفر علی، پی او ایف فٹ بال ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ لالہ اکبر خان(مرحوم) کے صاحبزادے ہیں نے مزید کہا کہ پی او ایف ٹیم ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں دو دوستانہ میچز مہران فٹ بال کلب اسلام آباد اور پوپو کلب اسلام آباد کے خلاف کھیلے گی۔ پی او ایف ٹیم پہلا دوستانہ میچ مہران کلب کے خلاف (آج) جمعرات کو کراچی کمپنی فٹ بال گراؤنڈ، اسلام آباد میں اور دوسرا دوستانہ میچ پوپو کلب کے خلاف (کل)جمعہ کو پوپو فٹ بال گرائونڈ واہ کینٹ میں کھیلے گی۔