وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی، سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس طلب، آرمی چیف کی شرکت

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان میں آئے روز دہشتگردی واقعات سے امن کی صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے ۔ گزشتہ روز بشام جاتے ہوئےچینی قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے سکیورٹی ایجنسیز ، آئی جیز ودیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان کا اجلاس طلب کرلیا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سکیورٹی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا جبکہ سیکیورٹی آڈٹ بھی کیا گیا۔وفاقی وزرا بھی اجلاس میں شریک ۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا جوکہ اب 28 مارچ بروز جمعرات کو ہوگا۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔واقعہ بشام کے قریب پیش آیا جہاں سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ایک زوردار دھماکا ہوا۔