پی سی بی ٹی 10 لیگ کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں ، حکومت کا میچز کروانے سے انکار

کراچی(نیوزڈیسک) پی سی بی کو ٹی 10 لیگ کروانے سے روک دیا ، مڈل سیکس کیخلاف نمائشی میچز بھی نہیں ہونگے۔ سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ٹی10 لیگ کا منصوبہ بنایا تھا جس کیلئے انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس سےبھی مذاکرات کئے گئے تھے،،تاہم 24سے 26جنوری تک راولپنڈی میں نمائشی میچز ہونا تھے جس کیلئے انگلینڈ سے مرد وخواتین کرکٹرز و آفیشلز کا 40 رکنی وفد نے پاکستان آنا تھا ۔
نمائشی میچز کے دوران ہی لیگ کے لوگو کا اجرا بھی کیا جانا تھا چیئرمین پی سی بی بورڈ نے حکومت سے اجازت بھی طلب کی لیکن حکومت نے پی سی بی کو میچز کروانے سے روک دیا ، بطور لیگ کمشنر بدر رفاعی کی تقرری بھی روک دی۔ ذرائع کے مطابق نمائشی میچز کا بجٹ بھی کم کر کے 28 کروڑ تک پہنچا دیا گیا تھا، مگر لاہور میں منسٹری کی جانب سے خط موصول ہوا جس میں تمام منصوبوں سے روکتے ہوئے صرف روزمرہ کے امور تک محدود رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔اسٹیڈیمز میں کرسیاں، سولر پینل اور پنکھے لگانے کی بھی اجازت نہیں ملی،کسی بورڈ کے ساتھ بھی ایم او یو سائن کرنے سے منع کیا گیا۔دوسری جانب پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چیئرمین ذکا اشرف کی زیرصدارت ہوگا، اس موقع پر نیا گورننگ بورڈ تشکیل دیا جائے گا، 4 ،4 نمائندے ڈپارٹمنٹس و ریجنز کے شامل ہوں گے، سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے 2 حکومتی نامزدگیاں ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کی ہوئی تھیں۔گورننگ بورڈ کی پہلی میٹنگ ایک ہفتے میں ہونے کا امکان جس میں چیئرمین کیلئے نامزدگیاں وصول کرنے کا شیڈول جاری ہوگا، اس کے بعد اعتراض جمع کیے جا سکیں گے، ان کی سماعت ہوگی، پھر کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے ،اس کے بعد حتمی فہرست کا اعلان ہوگا۔عام طور پر سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم کی جانب سے نامزد کردہ شخصیت میں سے ہی کوئی بورڈ کا چیئرمین بنتا ہے لیکن موجودہ صورتحال مختلف ہے۔ گورننگ بورڈ کی میٹنگ کے بعد مینجمنٹ کمیٹی تحلیل ہو جائے گی۔