نیو دہلی (اے بی این نیوز)بھارت کے معروف فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انہوں نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے 13 سال مکمل ہونے پر انسٹاگرام کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
36 سالہ محمد شامی نے نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اپنے پہلے ہی میچ میں انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 وکٹیں 118 رنز کے عوض حاصل کیں، جو آج بھی ان کی بہترین میچ بولنگ ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق محمد شامی نے بھارت کی جانب سے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 27.71 کی اوسط سے 229 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ بھارت کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولرز کی فہرست میں ابتدائی پانچ کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان میں محمد شامی نے اپنے 13 سالہ سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کیپ اور گیند نے انہیں محمد شامی بنایا، کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ آئے، وہ گرے، زخمی ہوئے لیکن دوبارہ اٹھ کر ملک کے لیے کھیلتے رہے۔
🚨 MOHAMMED SHAMI HAS ANNOUNCED HIS RETIREMENT FROM TEST CRICKET ✅ https://t.co/bQmvpl0hpR
— Abhimanyu Dadhich 🛞 (@FPLAbhimanyu) November 6, 2026
انہوں نے اپنے کوچز، ٹرینرز، فزیو اور کیریئر میں معاونت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جبکہ مداحوں کی محبت اور حمایت کو بھی اپنے لیے سب سے بڑا اعزاز قرار دیا۔ محمد شامی نے کہا کہ 6 نومبر کو انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور 6 نومبر ہی کو اپنے 13 سالہ ٹیسٹ کیریئر کو اختتام پذیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے باوجود وائٹ بال کرکٹ جاری رکھیں گے اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کھیلتے رہیں گے۔ فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر طویل دورانیے کی ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیل سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں: اسلام آباد میں پیٹرول پمپوں کا فراڈ بے نقاب، 6 پمپس سیل















