کراچی ( اے بی این نیوز) محکمہ صحت سندھ نے گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے تمام سرکاری ملازمین کے لیے ایچ آر ایم آئی ایس پورٹل پر رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے سرکاری ملازمین کی رجسٹریشن سے متعلق اہم سرکلر جاری کردیا، جس میں ملازمین کو رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔
سرکلر کے مطابق جو ملازمین تاحال ایچ آر ایم آئی ایس پورٹل پر رجسٹرڈ نہیں ہیں، انہیں مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔ پہلے سے رجسٹرڈ ملازمین کو بھی مطلوبہ دستاویزات پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق متعدد ملازمین نے تاحال پورٹل پر رجسٹریشن نہیں کروائی، جبکہ بعض رجسٹرڈ ملازمین نے چھٹیوں سے متعلق نامکمل دستاویزات اپ لوڈ کی ہیں۔
محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن مکمل نہ کرنے والے ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔ سرکاری احکامات پر عمل نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جائے گی۔
محکمہ صحت سندھ نے تمام ڈائریکٹرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ضلعی صحت افسران اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان جیل سے رہا















