لاہور ( اے بی این نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے صوبے اسی صورت میں بنائے جائیں گے جب تمام متعلقہ فریق اس پر متفق ہوں گے، کسی کی مخالفت کی صورت میں نئے صوبے نہیں بنائے جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام جماعتوں کا اپنا اپنا مؤقف ہے، اس لیے اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کی رائے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے حاصل کی جائے۔ اگر اس سے بہتر کوئی طریقہ موجود ہے تو اس کے لیے بھی عوام سے رجوع کرنا چاہیے۔ عوام کی جو بھی رائے ہوگی، وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ہر جماعت کی اپنی رائے ہے، یہاں جمہوریت ہے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کروالیں، عوام نئے صوبوں کی حمایت کرتی ہے تو بننے چاہئیں اور اگر عوام نئے صوبوں کی حمایت نہیں کرے گی تب بھی ان کے ساتھ ہوں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی
#MohsinNaqvi https://t.co/GRTsCbFtW2— Ali Hassan (@AliJrnlst) November 12, 2026
محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر تمام جماعتیں ان کے لیے اہم ہیں۔ سب مل کر چل رہے ہیں اور کوئی فیصلہ اختلافات کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کرپشن پورے ملک میں موجود ہے اور اسے ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے مختلف افواہیں گردش کررہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے، تاہم انہیں جو قانونی حق حاصل ہے اور عدالت سے جو ریلیف ملے گا، وہی انہیں دیا جائے گا۔ باقی معاملات پہلے کی طرح ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم لیوی کا نیا فارمولا متعارف، عوام کو ریلیف دینے کا اعلان















