اسلام آباد (رضوان عباسی) پاکستان کے لسٹڈ کارپوریٹ سیکٹر کے منافع میں جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ تین سال کے دوران کارپوریٹ منافع میں سب سے مضبوط شرح نمو ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق ملکی معیشت میں استحکام، مالیاتی اصلاحات اور کاروباری ماحول میں بہتری کے باعث مختلف شعبوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران کارپوریٹ منافع میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں منافع کی شرح نمو 23 فیصد رہی۔ اسی طرح نان بینک کارپوریٹس کے منافع میں 37 فیصد اضافہ ہوا، جو کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران مختلف شعبوں کی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔ دستاویز کے مطابق انجینئرنگ سیکٹر کے منافع میں 304 فیصد، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) میں 144 فیصد، جبکہ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کے شعبے میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی عرصے کے دوران ٹیکنالوجی سیکٹر کے منافع میں 31 فیصد، آٹوموبائل سیکٹر میں 19 فیصد اور فارماسیوٹیکل سیکٹر میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔ سیمنٹ سیکٹر کے منافع میں 13 فیصد جبکہ فرٹیلائزرز کے شعبے میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ آمدن میں بہتری ملکی معیشت کی بنیادوں میں استحکام اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ میکرو اکنامک استحکام نے کمپنیوں کی آمدن کو سہارا دیا، جبکہ مالی سال 2027 کے بجٹ میں متعارف کرائے گئے ٹیکس اقدامات سے بھی کارپوریٹ سیکٹر کو فائدہ پہنچا۔
دستاویز کے مطابق فنانسنگ کے دباؤ میں کمی، جاری معاشی اصلاحات اور بہتر معاشی اشاریوں نے بھی کمپنیوں کی مالی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کارپوریٹ منافع میں مسلسل اضافے کو حکومت کی معاشی پالیسیوں اور کاروباری ماحول میں بہتری کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا ایران کشیدگی، پاکستان کی خلیجی ممالک سے تجارت کو بڑا دھچکا، 38 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا نقصان















