اسلام آباد (رضوان عباسی ) امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے جیوپولیٹیکل عدم استحکام کے باعث پاکستان کی خلیجی ممالک کے ساتھ تجارت بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو آٹھ ماہ کے دوران برآمدات میں 38 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق یہ نقصان مارچ سے اکتوبر 2026 کے دوران ہوا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور فوجی سرگرمیوں نے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت، بالخصوص خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو متاثر کیا ہے۔ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک پاکستان کی غیر ملکی تجارت میں نمایاں حصہ رکھتے ہیں، جہاں پاکستان توانائی سمیت مختلف اشیا درآمد کرتا ہے جبکہ زرعی اور ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق فوجی سرگرمیوں کے باعث سمندری جنگی خطرات کی انشورنس کے پریمیم میں اضافہ ہوا، جبکہ شپنگ کے نرخ بڑھنے اور متبادل طویل بحری راستے اختیار کرنے سے درآمدی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ خلیج فارس اور بحیرہ احمر میں سمندری سیکیورٹی کی صورتحال خراب ہونے کے ساتھ آبنائے ہرمز میں کارگو جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات نے تجارتی سرگرمیوں کو مزید متاثر کیا۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ فضائی حدود کی بار بار بندش کے باعث ایئر فریٹ سروسز مہنگی اور غیر یقینی ہو گئیں، جبکہ علاقائی بندرگاہوں پر لاجسٹک رکاوٹوں کے نتیجے میں تجارتی کھیپوں کی ترسیل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال کے باعث برآمدی سامان خراب ہونے، آرڈرز منسوخ ہونے اور کنٹینرز کی قلت جیسے مسائل بھی پیدا ہوئے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق لاجسٹک اخراجات میں اضافے اور شپنگ کے مسائل نے پاکستانی برآمد کنندگان کے منافع کو کم کر دیا، جبکہ خلیجی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بھی متاثر ہوئی۔ اس صورتحال سے بالخصوص ٹیکسٹائل، ملبوسات اور تعمیراتی سامان کی برآمدات متاثر ہوئیں۔
دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان خلیجی ممالک کو چاول، تازہ گوشت، پھل اور سبزیاں برآمد کرنے والے اہم ممالک میں شامل ہے، تاہم خطے میں جاری کشیدگی اور تجارتی رکاوٹوں کے باعث ان شعبوں کی برآمدات کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع نہ صرف پاکستان کی برآمدات بلکہ درآمدی سپلائی چین، تجارتی لاگت اور خلیجی ممالک کے ساتھ مجموعی اقتصادی روابط پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:سرکاری ملازمین کے لیے نئی شرط، ایچ آر ایم آئی ایس پر رجسٹریشن لازمی















