2018 والی سیاست کو دوبارہ قبول نہیں کریں گے،بلاول بھٹو

ابیٹ آباد(نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں سوچنا ہے کیا 70 سالہ بابوں کے ہاتھ ملک کا مستقبل دیں گے؟ کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیر اعظم بنانے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں۔سیاستدان، حکمران اور بیوروکریسی کو زمینی حقائق کا کچھ معلوم نہیں، ان کو اندازہ نہیں کہ عوام اس وقت کس مشکل اور تکلیف میں ہیں، تیزی سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت بڑھ رہی ہے یہ بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے، پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی رہتی ہیں، ان مسائل سے نکلنا ہے تو نئی سیاست کی طرف بڑھنا ہے۔جمعرات کوایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں اور آپ مل کر جدوجہد کریں گے اور انتخابات جیت کر عوامی حکومت بنائیں گے، آج کل کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہیں، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں نئی سیاست پر توجہ دینا ہوگی، پرانی سیاست اور پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا پڑے گا، ہم نے نئی سیاست قائم کرنی ہے جس میں مل کر عوام کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ میں صرف پاکستان کی عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، لاڈلہ اگر بننا ہے تو صرف عوام کا لاڈلہ بننا ہے،ان کا کہناتھا کہ جب تک ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی پاکستان ترقی نہیں کرے گا، 2018 والی سیاست کو دوبارہ قبول نہیں کریں گے۔