معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیرہے، احسن اقبال

اسلام آباد ( اے بی این نیوز  )    ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے معیشت کے تمام شعبوں ،اقتصادی ترقی اور برآمدات میں توسیع کے حصول کیلئے ٹیم پاکستان کے طور پر متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے پیر کو یہاں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ زندگی کے ہر شعبے اور معیشت کے شعبے کو پائیدار اقتصادی ترقی اور جی ڈی پی میں توسیع کو یقینی بنانے کے لیے فعال کردار ادا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں نے اپنے سیاسی نظریات، منشور اور مفادات کے ساتھ ساتھ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر صرف ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے ہاتھ ملایا، پاکستان میں ایک قومی حکومت ہے اور تمام اتحادی جماعتوں کا ماننا ہے کہ پاکستان کے قومی مفادات ان کے سیاسی مقاصد سے زیادہ اہم ہیں اور یہی وقت ہے کہ اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور قوم کو پائیدار ترقی، خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال ترقی کی کوششوں کو داغدار کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو جی ڈی پی میں تیز رفتار ترقی، ٹیکس سے جی ڈی پی کے تناسب، برآمدات اور صنعتی پیداوار کی ضرورت ہے اور اتفاق رائے پر مبنی سیاسی، اقتصادی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے گورننس کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ قومی ہیروز کی یادگاروں کی بے حرمتی، قائداعظم کے گھر پر حملہ، ملک میں نفرت کی سیاست کو فروغ دینے اور فساد پھیلانے کی کوشش کرنے والی سیاسی جماعت 9 مئی کے افسوسناک واقعات کے بعد عوامی حمایت کھو چکی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ ملک کے انجینئرنگ سیکٹر کا ایک اہم ادارہ ہے جو جہاز سازی اور میری ٹائم انجینئرنگ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔