پشاور( اے بی این نیوز )وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وعدوں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ تحصیل پروا میں نادرا دفتر کل سے کام شروع کردے گا۔ جمعرات کو اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحصیل پروا کے باسیوں کیلیے آج کا دن خوشخبری کا دن ہے، تحصیل پروا میں نادرا دفتر کل سے کام شروع کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وعدوں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، تحصیل پروا کے باسیوں کو اب نادرا سے متعلق امور کیلیے ڈیرہ اسماعیل خان نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروا میں نادرا دفتر کا قیام وہاں کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو الحمدللہ پورا کردیا، اس کا گزشتہ دورہ پروا کے موقع پر اعلان کیا گیا تھا مگر کام سست روی کا شکار ہوگیا تھا۔ ہمیں کہا گیا تھا کہ دفتر گزشتہ ماہ شروع ہو جائے گا مگر کچھ مشکلات اور رکاوٹیں پیدا ہوگئی تھیں۔ الحمدللہ پیپلز پارٹی کی کوششوں سے مشکلات ختم ہوگئی ہیں اور نادرا پروا دفتر کام شروع کررہا ہے۔















