اسلام آباد (اے بی این نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی روزانہ اشاعت کا نظام نافذ کرنے کے لیے تیار ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے نظام پر صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صنعت نے اس نظام کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس میں اوگرا، او سی اے سی، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن، ریفائنریز، او ایم سیز اور پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف فارمولے کے ذریعے مارکیٹ کی حقیقی صورتحال کو دیکھ کر، منافع خوری، استحصال کی گنجائش کو کم کرنے اور غیر معمولی مالی فوائد کے حصول کے لیے کیا جائے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو سیاسی مصلحت کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے بچایا جا سکتا ہے، اصلاحات حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی مداخلت کو کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ڈی ریگولیشن متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اوگرا، او سی اے سی، او ایم ای پی، ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے نئے نظام پر تجاویز پیش کیں۔ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ یومیہ قیمتوں کے نفاذ کے لیے ایس او پیز انڈسٹری اور اوگرا کی مشاورت سے تیار کیے جا رہے ہیں۔
اوگرا حکام کا کہنا تھا کہ ادارہ روزانہ قیمتوں کے نئے نظام کو نافذ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی بروقت اشاعت کے لیے اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔
میٹنگ میں سپلائی چین، ریزرو مینجمنٹ اور ریئل ٹائم ڈیٹا کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ یومیہ قیمتوں کے نفاذ کے لیے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی اور معاملات اتفاق رائے سے حل کیے جائیں گے، پیٹرولیم ڈویژن، اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ انڈسٹری سے مزید مشاورت کریں اور تکنیکی امور کو حتمی شکل دیں، حکومت عوامی مفاد میں پیٹرولیم انڈسٹری کے پائیدار استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی گورنر اسٹیٹ بینک سے خصوصی مالیاتی سہولیات کی درخواست















