گلگت( اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ایک اہم مراسلہ ارسال کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کو سستی اور آسان ادارہ جاتی مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کی درخواست کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے مراسلے میں نشاندہی کی کہ گلگت بلتستان سیاحت، زراعت، باغبانی، لائیو اسٹاک، معدنیات، چھوٹے کاروبار اور نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کے حوالے سے بے پناہ امکانات رکھتا ہے، تاہم خطے کے عوام اور کاروباری اداروں کو بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے قرضوں اور مالی سہولیات کے حصول میں نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسٹیٹ بینک سے درخواست کی ہے کہ گلگت بلتستان کے جغرافیائی اور سماجی و معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی رعایتی فنانسنگ اسکیمیں متعارف کرائی جائیں، جن سے بالخصوص نوجوان، خواتین، کسان، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے اور نئے کاروباری افراد مستفید ہو سکیں۔
مراسلے میں مزید تجویز دی گئی ہے کہ گلگت بلتستان کے رہائشیوں کی قرضہ درخواستوں کی جلد جانچ اور منظوری کے لیے تمام متعلقہ بینکوں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں۔ اس کے علاوہ، خطے میں خصوصی سہولت مراکز (Facilitation Desks) قائم کیے جائیں اور دستاویزی تقاضوں اور ضمانت کی شرائط کو آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد حکومتی اور بینکاری شعبے کی مالیاتی اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان گلگت بلتستان کی منفرد ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت اقدامات کرے گا، جس سے نہ صرف مالی شمولیت میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،نیتن یاہو کے گرد گھیرا تنگ،مبینہ گرفتاری کا انکشاف















