کراچی (اے بی این نیوز) کے الیکٹرک انتظامیہ نے 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے محفوظ زمرے کے صارفین کی سہولت ختم کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کردی۔
اس حوالے سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صارف کی محفوظ کیٹیگری کی سہولت 200 سے زائد یونٹ استعمال کرنے پر بھی فوری اور مستقل طور پر ختم نہیں ہوتی۔
غیر TOU صارفین مسلسل 6 ماہ تک 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کر کے دوبارہ محفوظ زمرہ حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت مستقل طور پر ختم نہیں کی گئی ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ زمرے سے متعلق کچھ دعوے درست نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مبینہ نوٹس وائرل ہو رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی محفوظ صارف ایک ماہ میں 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرتا ہے تو اسے خود بخود محفوظ کیٹیگری سے مستقل طور پر نکال دیا جائے گا۔

تاہم کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کسی بھی غیر تصدیق شدہ معلومات پر یقین نہ کریں بلکہ ادارے کے مستند اور سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق کریں کیونکہ محفوظ کیٹیگری کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کا نیا ریکارڈ، مالی سال 2025-26 میں 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں















