اہم خبریں

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ملک کیلئے بہت بڑا سرمایہ تھیں، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(اے بی این نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ملک کیلئے بہت بڑا سرمایہ تھیں، وہ کسان، مزدور اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی علمبردار تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وومن پارلیمنٹری کاکس کے زیراہتمام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 70 ویں یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور انہوں نے آخری سانس تک آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو کسی بھی اسلامی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل تھا اور مجھے خوشی ہے کہ آج بھی پارلیمان میں ہماری خواتین ممبران اسمبلی سب سے زیادہ متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانا ہے ۔ وومن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ایک ولولہ انگیز شخصیت کی مالک تھیں اور جمہوریت کی بحالی کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستانی خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں، انہوں نے ملک کو پہلا لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام دیا ۔ اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی بھی موجود تھے ۔تقریب کے اختتام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 70 ویں یوم ولادت کا کیک کاٹا گیا اور ان کی روح کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

متعلقہ خبریں