کراچی (اے بی این نیوز) مٹیاری میں وہاب شاہ اسٹیشن کے قریب یوسف والا کول ہوپر ٹرین پٹری سے اترنے کے بعد ٹرین سروس 24 گھنٹے تک معطل رہنے کا امکان ہے۔
ڈی سی او ریلوے کراچی کا کہنا ہے کہ یوسف والا کول ہوپر ٹرین کی 17 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند ہیں۔
ڈی سی او ریلوے کے مطابق حادثے کے باعث ٹریک 24 گھنٹے تک معطل رہنے کا امکان ہے۔ حادثے کی وجہ سے کل تک ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔ علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔
اسی طرح پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔ اسی طرح تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ جبکہ ملت اور فرید ایکسپریس کو کینٹ اسٹیشن پر روکا گیا ہے۔
پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ کراچی ڈویژن اپنی حدود میں تمام متاثرہ مسافروں کو رقم واپس کرے گا۔
دریں اثناء ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی نے بتایا کہ تمام ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روہڑی سے روانہ ہونے والی ریلیف ٹرین رات 10 بجے تک جائے حادثہ پر پہنچ جائے گی جبکہ کوٹری سے روانہ ہونے والی ریلیف ٹرین بھی جلد جائے حادثہ پر پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس آج منسوخ کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے، ٹریک کو بحال کرنے میں کافی وقت لگے گا، کوشش کی جارہی ہے کہ دونوں ٹریک کو جلد صاف کرکے معطل شدہ آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے۔
مزید پڑھیں:اہم سفارتی پیش رفت،ایرانی وزیر داخلہ کا اہم دورہ پاکستان متوقع















