اہم خبریں

بینظیر کفالت پروگرام کے تحت اب تک 1.448 ملین خاندانوں میں 13.039 ارب روپے تقسیم کئے گئے

اسلام آباد(  اے بی این نیوز     )بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے بینظیر کفالت پروگرام کے تحت اب تک 1.448 ملین خاندانوں میں 13.039 ارب روپے تقسیم کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ، 391,765 مائوں نے بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت سکول جانے والے اپنے بچوں کے وظائف بھی وصول کئے ہیں ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پیر 19 جون 2023 کو بینظیر کفالت نقد امداد کی چوتھی سہ ماہی قسط جاری کی تھی۔ 25 فیصد اضافے کے بعد چوتھی سہ ماہی قسط کی رقم9000 روپے ہے جس کا اعلان وفاقی حکومت نے اس سال کے شروع میں کیا تھا۔ بینظیر کفالت کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف کی جنوری تا مارچ قسط بھی 6.7 ملین سکول جانے والے طلباء میں تقسیم کی جا رہی ہے جن کی سکول میں حاضری کم از کم 70 فیصد ہے ۔ اس بار رقم کی ادائیگی پورے ملک میں قائم 1559 خصوصی طور پر منعقد کیمپ سائٹس کے ذریعے کی جارہی ہے۔ کیمپ سائٹس کے ذریعے وظیفے کی تقسیم کا مقصد مستحقین کو سہولت فراہم کرنا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس دفعہ ایچ بی ایل اور بینک الفلاح کے اے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کی فراہمی دستیاب نہیں ہوگی اور نہ ہی بی آئی ایس پی کے قائم کردہ کیمپ سائٹ کے باہر پی او ایس پر کوئی ادائیگی کی جائے گی۔ بینظیر کفالت کے 90 لاکھ مستحق خاندانوں میں تقریباً 81 ارب روپے تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ مزید 16 ارب روپے تعلیمی وظائف کے 6.7 ملین مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ پرائمری سطح پرطالبات کو 2000 روپے جبکہ طلبہ کو 1500 روپے دیئے جاتے ہیں۔ سیکنڈری سطح پر طالبات اور طلبہ کو بالترتیب 3000 اور 2500 روپے جبکہ ہائر سیکنڈری سطح پر 4000 اور 3500 روپے بالترتیب طالبات اور طلبہ کو ادا کئے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں