اسلام آباد ہائیکورٹ ،عمران خان کو مزید ریلیف ، 2 مقدمات کی عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ریلیف مل گیا، 2 مقدمات کی عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کردی گئی ۔آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں احاطہ عدالت سے گرفتاری پر توہین عدالت کیس اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی عسکری اداروں کیخلاف بیان بازی کیس کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس اور سیکرٹری داخلہ کیخلاف توہین عدالت کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد توہین عدالت کا معاملہ دیکھ لیں گے،توہین عدالت کیس کی کارروائی سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہوگی ۔عسکری اداروں کیخلاف بیان بازی کیس میں عمران خان کی طرف سے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے اور آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا اور عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کردی۔ واضح رہے کہ عسکری اداروں کے افسران کیخلاف بیان بازی پر عمران خان کے خلاف مقدمہ ن لیگی رہنما محسن رانجھا کی مدعیت میں درج ہے ۔