صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی جا سکتی ہے، رانا ثناء اللّٰہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا عندیہ دے دیا۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ صدر عارف علوی کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی جا سکتی ہے، صدر کے خلاف مواخذے کا فیصلہ اتحادی حکومت کے پارٹی سربراہ کریں گے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن آئینی تقاضا ہے، صدر وزیراعظم کی رائے کا پابند ہے، صدر کا ہر عمل وزیراعظم کی مشاورت سے جڑا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر مملکت نے غیر آئینی اقدام کیا، خود کو عمران خان کا جیالا ثابت کیا، صدر مملکت کو اپنی نہیں تو آفس کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت نے غیر قانونی اور غیر آئینی حرکت کی۔ اس سے قبل بھی آرمی چیف تقرری پر فائل لے کر لاہور بھاگ گئے تھے، لاہور جاکر عمران خان سے مشاورت کی وہ عمل اس آفس کے شایان شان نہیں تھا، صدر مملکت کا یہ عمل بھی انتہائی قابل افسوس ہے۔