لاہور الحمرا آرٹس کونسل میں فواد حسن فواد کی کتاب ’’کنج قفس‘‘ کی رونمائی

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں سابق بیورو کریٹ فواد حسن فواد کی کتاب ’کنج قفس‘ کی رونمائی ہوگئی۔الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ہونے والی کتاب کی تقریب رونمائی میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق شریک ہوئے۔کتاب کی تقریب رونمائی کے دوران اسٹیج پر کنج قفس کے مصنف فواد حسن فواد، حامد میر، وجاہت مسعود، یاسر پیرزادہ، وصی شاہ و دیگر موجود تھے۔یاسر پیرزادہ نے کہا کہ میں نے 27 برس کے کیریئر میں فواد حسن فواد جیسا شاندار افسر نہیں دیکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کتاب گرل فرینڈ کو نہیں بھجوائی جاسکتی لیکن ججز کو تحفے میں دی جاسکتی ہے۔یاسر پیرزادہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے فواد حسن فواد کی کتاب ایک پولیس والے کو دکھائی تھی، پولیس والے نے سونگھ کر کہا اس میں بغاوت کی بو آرہی ہے، اس پر فوجداری مقدمہ ہونا چاہیے۔وجاہت مسعود نے کہا کہ 2016 سے 2022 تک جاری رہنے والے کھیل میں فواد حسن فواد، وسیم اجمل، احد چیمہ نے ضمیر نہیں بیچا، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہماری میراث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف کے کسی جلسے کی بات نہیں، یہ ہماری میراث ہے، یہاں جو زیادہ سمجھتا ہے، اسی پر مقدمہ بنایا جاتا ہے۔وصی شاہ نے کہا کہ فواد حسن فواد نے اپنے بیٹے کےلیے نظم لکھی جبکہ حماد غزنوی نے کہا کہ کنج قفس ہماری اجتماعی ناکامیوں کا نوحہ ہے۔