عالمی اعزاز یافتہ باکسر عامر خان کو ایک دن کیلئے کیپٹن کے اعزازی رینک لگائے گئے

راولپنڈی(نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے باکسر عامر خان اور شاہ زیب رند نے ملاقات کی ، باکسر عامر خان کو ایک دن کیلئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق عامر خان اور شاہ زیب رند نے جی ایچ کیو میں جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، آرمی چیف نے عامر خان اور شاہ زیب رند کی کھیلوں کے میدان میں شاندار کامیابیوں کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے دونوں کی شاندار صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، پاک فوج نے باکسر عامر خان کو ایک دن کے لئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور آگے بڑھنے کی لگن موجود ہے، کھیلوں میں نوجوانوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا، پاک فوج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی، اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو فوج میں کیپٹن کے اعزازی رینکس لگائے گئے۔

یاد رہے عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹی ہیں، انہوں نے 2004ء کے اولمپکس مقابلوں میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا۔

9 مزیدپڑھیں:مئی واقعات کی شفاف تحقیقات کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، زرتاج گل

باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں، پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، آج یہ یونیفارم پہن کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے، میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں، ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ آج آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا اپنی عزت افزائی پر بے حد مشکور ہوں، ہم پاکستان میں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں، میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں، محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔

تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کے جوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے۔