کشمیر والی بال سپر لیگ آخری مرحلے میں داخل،رنگا رنگ تقریبات، تھیم سانگ میدان مارلے پیش

مظفرآباد(اے بی این نیوز)کشمیر والی بال سپر لیگ کے آخری مرحلے کا آغاز،سپورٹس اسٹیڈیم جلال آباد میں KVSLکی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی،چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں مقامی گلوکار سہیل عباسی نے KVSLکا تھیم سانگ “میدان مارلے” پیش کیا۔شائقین “میدان مار لے ” کی دھن پر جھوم اٹھے ۔افتتاحی تقریب میں بچوں نے پرفارم کیا اور شائقین سے داد وصول کی۔تمام ٹیموں کے کپتان اپنی ٹیموں کے جھنڈے اٹھائے افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے ۔افتتاحی تقریب میں قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں KVSL ٹرافی کی بھی رونمائی کی گئی۔اہلیان مظفرآباد کی بڑی تعداد KVSL کی پروموشن کیلئے سپورٹس کمپلیکس میں موجود تھی۔ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں سے حلف لیا گیا۔ایونٹ میں مظفرآباد ڈویژن کی نمائندگی مظفرآباد بہادرز، مظفرآبادجانباز اور مظفرآباد شوٹرز کررہے ہیں ۔ پونچھ ڈویژن کی نمائندگی پونچھ پنجال، پونچھ آزاد اور پونچھ شوٹرز کررہے ہیں۔ میرپور ڈویژن کی نمائندگی میرپور بادشاہ، شیر میرپور اور میرپور شوٹرز کررہے ہیں ۔ایونٹ کے میچز آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس اور سپورٹس اسٹیڈیم جلال آباد میں ہوں گے۔افتتاحی تقریب میں سول سوسائٹی، سرکاری افسران اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں والی بال کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، کے وی ایس ایل جیسے ایونٹ کھیلوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے لازمی وقت نکالیں اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے کے ہوئے کھیلوں میں حصہ لیں۔