مقبوضہ کشمیر میں 05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف پوری قوم یوم استحصال بھرپورانداز سے منائے

گی
اسلام آباد(  اے بی این نیوز  ) مقبوضہ کشمیر میں 05 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے خلاف اندرون وبیرون ملک یوم استحصال بھرپور انداز سے منانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدا رت مشیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کی۔اجلاس میں آزادکشمیر،گلگت بلتستان، چاروں صوبوں کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں 05 اگست کو اندرون وبیرون ملک یوم استحصال منانے کے حوالے سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں، آزادکشمیر گلگت بلتستان کے نمائندوں کے علاوہ وزارت خارجہ،وزارت اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اس دن کو بھرپور انداز سے منانے کے حوالے اپنی تجاویز سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیر اُمور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہاکہ 05 اگست 2019ء کو بھارت نے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی مذموم کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کی بدولت بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہا ہے اور غیر ریاستی افراد کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل ایشو کیے جارہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے ان سفاکانہ اورغیر قانونی اقدامات کے خلاف پوری پاکستانی قوم یوم استحصال بھرپور طریقے سے منائے گی اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم روایتی انداز سے ہٹ کر یوم استحصال کی تیاری کریں تاکہ بھارتی غیر قانونی اقدامات کو پوری دُنیا کے سامنے بھر پور اندازسے بے نقاب کیا جاسکے۔سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے یوم استحصال کو بھرپور انداز سے منانے کے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔