اہم خبریں

برطانوی سفیر کی افغانستان میں طالبان حکام سے ملاقاتیں

‘کابل(نیوزڈیسک)افغانستان میں برطانیہ کے اعلیٰ سفارت کار نے دارالحکومت کابل میں طالبان حکام سے ملاقات کی ہے اور خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں برطانوی مشن کے ناظم الامور رابرٹ سی ڈکسن نے بتایا کہ انہوں نے افغانستان کے دارالحکومت کا دورہ کیا اور قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ڈکسن نے ٹویٹس کی ایک سیریز میں لکھاکہ میں نے طالبان قیادت کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ انہوں نے انسداد منشیات، سیکیورٹی بہتر بنانے اور کرپشن کم کرنے پر کام کیا ہے۔ میں نے خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کو پامال کرنے والے احکامات کے بارے میں اپنی گہری تشویش کو واضح کیا۔برطانوی سفارت کار نے کہا کہ انہوں نے طالبان قیادت کو یقین دلایا کہ ان کا ملک خواتین اور لڑکیوں سمیت تمام افغانوں کے مثبت مستقبل کی حمایت کرے گا۔کابل کے اپنے دورے کو ”آگے کے راستے کی تلاش“ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کا سامنا کر رہا ہے، جو نصف صدی کے تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے خراب خشک سالی سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 28 ملین سے زیادہ افغانوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے اور معاشی صورتحال ابتر ہے۔ڈکسن نے کہا کہ وہ افغان خواتین اور لڑکیوں پر دباؤ ڈالتے رہیں گے کہ وہ اپنی پوری صلاحیت حاصل کریں، اور ایک محفوظ اور خوشحال افغانستان بنانے میں مدد کے لیے طالبان سمیت ہر کسی کے ساتھ مل کر کام کریں۔

متعلقہ خبریں