برسلز(نیوزڈیسک)2022 کے دوران یورپی یونین میں منظم جرائم کے خلاف سرکاری ایجنسیوں کی کاروائیوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے یورپی کونسل کی جانب سے شائع کردہ منظم جرائم کے خلاف وسیع پیمانے پر یورپی یونین کے فلیگ شپ آپریشن EMPACT پروگرام کے تحت جرائم کے خلاف کارروائیوں کے جو نتائج شائع کیے گئے ہیں، اس کے تحت یونین کے 15 جرائم سے متاثرہ علاقوں میں، یورپی یونین کے وسیع قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالتی اقدامات کی وجہ سے 9922 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔اسی دوران انسانوں کی اسمگلنگ کے 4019 متاثرین کی شناخت ہوئی اور 3646 تارکین وطن اسمگلر گرفتار ہوئے۔ ان چھاپوں کے دوران 180 ملین یورو سے زائد رقم ضبط کی گئی جبکہ 62 ٹن سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔علاوہ ازیں 9262 نئے کیسز درج کرکے ان کی تحقیقات بھی شروع کی گئیں۔ یورپی کونسل کے مطابق امپیکٹ نامی یہ پروگرام یورپی یونین کے رکن ممالک کو متاثر کرنے والے جرائم کے خاتمے کے لیے ترجیحات پر ہم آہنگی اور تعاون کو بہتر بنانا ہے۔جرائم کے خلاف کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالتی حکام کے ذریعے قومی سطح پر کی جاتی ہیں، جنہیں یورپی یونین کے اداروں اور یورپی یونین ایجنسیوں کی حمایت حاصل ہے۔ جہاں متعلقہ سرکاری اور نجی شعبے کی تنظیمیں، بین الاقوامی ادارے اور تیسرے ممالک بھی شامل ہیں۔کونسل کے مطابق EMPACT کا مطلب ہے مجرمانہ دھمکیوں کے خلاف یورپی ملٹی ڈسپلنری پلیٹ فارم، یہ یورپی یونین کی داخلی سلامتی کے لیے ایک مربوط نقطہ نظر کو یقینی بناتا ہے۔ جس میں تحقیقات، بیرونی سرحدی کنٹرول، پولیس، کسٹم اور عدالتی تعاون سے لے کر معلومات کے انتظام، اختراع، تربیت، روک تھام اور داخلی سلامتی کی بیرونی جہت کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ شراکت داری تک کے اقدامات شامل ہیں۔















