اہم خبریں

مقتدیٰ الصدر کا تحریک ایک سال کے لیے منجمد کرنے کا اعلان

بغداد(اے بی این نیوز     )عراقی سیاستدان اور عالم دین مقتدیٰ الصدر نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنی صدرسٹ تحریک ایک سال کے لیے منجمد کردی ہے کیوں کہ فی الحال اسی میں عافیت ہے۔عرب میڈیا کے مطابق صدرسٹ تحریک کے رہنما مقتدیٰ الصدر نے جمعہ کو کہا ہے کہ عراق کے لیے مصلح ہونا ایک گناہ ہے اور وہ اپنی تحریک کی اصلاح نہیں کرسکتے۔مقتدیٰ الصدر نے اس حوالے سے ایک ٹوئٹ بھی کیا جس میں ان کہنا تھا کہ تحریک میں کچھ بدعنوان افراد بھی شامل ہیں لہذا ایسی صورت میں قیادت جاری رکھنا ان کے لیے نقصان کا باعث ہوگا۔ ’میں اس تحریک کو مکمل طور پر منجمد کرنا مفاد میں سمجھتا ہوں اور یہ انجماد ایک سال سے کم کا نہیں ہوگا۔‘انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’میں بھی ان سے بیزار ہوں اور وہ بھی مجھ سے بیزار ہیں۔‘میڈیا کے مطابق مقتدیٰ الصدر کے قریبی ساتھی صالح محمد العراقی نے اعلان کیا ہے کہ مقتدیٰ الصدر نے کوفہ کی مسجد میں اپنا اعتکاف منسوخ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کرپٹ عناصر کے کرتوت کی وجہ سے کیا گیا ہے جنہیں اللہ معاف نہیں کرے گا۔مقتدیٰ الصدر نے تحریک کا دفتر اور اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بند کردیا ہے۔ یاد رہے کہ مقتدی الصدر نے اگست 2022 میں سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ خبریں