خرطوم (نیوزڈیسک)سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپوں کے باعث دارالحکومت خرطوم دھماکوں سے گونج اٹھا۔عرب میڈیا کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں شدید فائرنگ اور دھماکے سنے گئے، فائرنگ خرطوم میں سوڈانی آرمی ہیڈکوارٹرز اور وزارت دفاع کے آفس کے قریب ہوئی۔خرطوم میں سوڈان کے صدارتی محل کے قریب بھی فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور خرطوم ائیرپورٹ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا۔ اس کے علاوہ سوڈان کے شہروں مروی اور بحری میں بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دی ہیں۔سوڈان کی پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کا کہنا ہے کہ ہمارے ایک کیمپ پر سوڈانی فوج نے حملہ کیا ہے ہم نے خرطوم ائیرپورٹ اور مروی شہر میں فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔دوسری جانب سوڈانی فوج کا کہنا تھا کہ پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے اہلکار ملٹری ہیڈ کوارٹر پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔سوڈانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل نبیل عبداللہ کا کہنا تھا کہ پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے اہلکاروں نے خرطوم اور دیگر مقامات پر فوجی کیمپوں پر حملے کیے ہیں۔ سوڈان کے مختلف شہروں میں کشیدگی کے بعد توپیں اوربکتر بند گاڑیاں تعینات کر دی گئی ہیں۔سوڈان میں امریکی سفیر ںے فوج اور پیرا ملٹری فورسز سے جھڑپیں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سفارتی عملے کے ساتھ ایک مقام پرپناہ لی ہوئی ہے جبکہ روسی سفارت خانے نے بھی فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔















