لندن (نیوزڈیسک)برطانیہ میں انٹیلی جنس کمیونیکیشنز ایجنسی جی سی ایچ کیو میں پہلی بار ایک خاتون کو ڈائریکٹر نامزد کر دیا گیا، این کیسٹ بٹلر ڈائریکٹر جی سی ایچ کیو کا عہدہ مئی میں سنبھالیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق این کیسٹ بٹلر اس وقت برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی ایم آئی فائیو کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ہیں۔این کیسٹ 6 سالہ مدت ملازمت کے بعد ریٹائر ہونے والے جی سی ایچ کیو کے ڈائریکٹر جیریمی فلیمنگ کی جگہ لیں گی۔انہیں نامزد کرنے والے برطانوی وزیر خارجہ جمیز کلیورلی کا کہنا ہے کہ این کیسٹ بٹلر کا قومی سلامتی نیٹ ورک میں متاثر کن ٹریک ریکارڈ رہا ہے۔ وہ برطانوی عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنے وسیع تجربے کا استعمال کریں گی۔















