واشنگٹن (نیوزڈیسک)امریکا میں خاتون ٹیچر کو گولی مارنے والے 6 سالہ طالبعلم کی ماں پر بچے سے غفلت برتنے کے الزام کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ جنوری 2023 میں امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے نیو پورٹ میں پیش آیا تھا، جہاں Richneck اسکول میں ایک طالبعلم نے خاتون ٹیچر پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔25 سالہ ٹیچر کے ہاتھ اور سینے پر گولیاں لگی تھیں اور وہ 2 ہفتے تک اسپتال میں زیر علاج رہیں۔رپورٹس کے مطابق واقعہ گریڈ ون کی کلاس میں پیش آیا جہاں طالب علم اور ٹیچر کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی جس پر لڑکے نے ٹیچر پر گولی چلادی۔مقامی پولیس کی تحقیقات کے بعد طالبعلم کی ماں پر بچے سے غفلت برتنے اور ایک بچے کے قریب اسلحہ چھوڑ دینے جیسے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔اس مقدمے میں طالبعلم پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔متاثرہ ٹیچر کی جانب سے بھی اسکول کے خلاف 4 کروڑ ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انتطامیہ نے ان کے اس انتباہ کو نظر انداز کیا تھا کہ ایک طالبعلم کے پاس ہتھیار ہے۔ورجینیا کامن ویلتھ اٹارنی نے بتایا کہ ماں کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی ہے، عدالتی تحقیقات کے بعد دیگر افراد پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طالبعلموں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔















