استنبول ( اے بی این نیوز )ترکیہ کے زلزلے میں مردہ قرار دی جانے والی ساڑھے تین ماہ کی ویتن بیگداس نامی بچی کو اس کی ماں سے 54 دن بعد ملوا دیا گیا۔طبی حکام نے اس بچی کو بچانے کے بعد اس کی دیکھ بھال کی اور اس کا نام گِزم(یعنی پراسرار) رکھا تھا۔ترکیہ کی خاندانی اور سماجی خدمات کی وزیر دیریا یانیک کا کہنا ہے ڈی این اے کے ذریعے رشتہ ثابت ہونے کے بعد ماں بیٹی کو دوبارہ ملانے میں مدد ملی۔ساڑھے 3ماہ کی بچی کو ہفتے کے روز اس کی والدہ یاسمین بیگداس سے ملوایا گیا۔ اس بچی کو ترکیہ میں آنے والے خوفناک زلزلے میں 5دن تک ملبے تلے دبے رہنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا تھا۔















